جب سردیاں اپنی آمد کا احساس دلاتی ہیں، تو جسمانی توانائی اور قوتِ مدافعت کو بڑھانے کے لیے مخصوص غذاؤں کا استعمال ضروری ہو جاتا ہے۔
اس موسم میں جسم کو اندر سے گرم رکھنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے صحیح غذا کا استعمال بے حد اہم ہے۔ ماہرینِ غذائیت کے مطابق، سردیوں کے دوران ایسی غذائیں استعمال کریں جو نہ صرف جسم کو گرم رکھیں بلکہ صحت کو بھی بہتر بنائیں۔
خشک میوہ جات: بادام، اخروٹ، کاجو اور مونگ پھلی
سردیوں میں خشک میوہ جات سب سے زیادہ مفید سمجھے جاتے ہیں۔ ان میں صحت مند چکنائی، وٹامن ای اور پروٹین کی بھرپور مقدار ہوتی ہے، جو جسم کو گرم رکھنے کے ساتھ ساتھ دماغی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ بادام اور اخروٹ خاص طور پر ذہنی فعالیت میں اضافہ کرتے ہیں، جبکہ کاجو اور مونگ پھلی جسم کے اندرونی حرارت کو برقرار رکھتے ہیں۔
موسمی سبزیاں: پالک، میتھی، گاجر اور شلجم
موسمی سبزیاں وٹامن اے، سی اور آئرن سے بھرپور ہوتی ہیں۔ گاجر آنکھوں کے لیے مفید ہے، کیونکہ اس میں وٹامن اے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ پالک اور میتھی خون میں آئرن کی کمی کو پورا کرتے ہیں، جو کہ سردیوں میں عام ہوتی ہے۔ یہ سبزیاں جسم کو اندر سے گرم اور توانائی بخش بناتی ہیں۔
انڈے
انڈے سردیوں کا ایک بہترین ناشتہ تصور کیے جاتے ہیں۔ ان میں پروٹین، وٹامن ڈی اور بی کمپلیکس شامل ہوتے ہیں، جو قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں اور جسم کو سردی سے لڑنے کے لیے توانائی فراہم کرتے ہیں۔ روزانہ انڈے کا استعمال سردیوں میں صحت مند زندگی کے لیے مفید ہے۔
سوپ
سرد موسم میں سوپ ایک اہم غذا ہے۔ چکن سوپ، ٹماٹر سوپ اور سبزیوں کا سوپ جسم کو نہ صرف گرم رکھتے ہیں بلکہ سردی اور انفیکشن سے بچاؤ کے لیے بھی بہترین انتخاب ہیں۔ گرم سوپ جسم کے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے اور بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔
قدرتی علاج اور مشورے
ماہرینِ صحت اور غذائیت کا مشورہ ہے کہ سردیوں میں شہد، ادرک اور دار چینی کا استعمال بڑھایا جائے۔ ادرک چائے، شہد یا دار چینی والے دودھ جسم میں گرمی پیدا کرتے ہیں اور گلے کی خراش، نزلہ زکام جیسی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔
ادرک: جسم کے اندر حرارت پیدا کرتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔
شہد: قدرتی اینٹی بیکٹیریل ہے جو گلے کے مسائل میں آرام دیتا ہے۔
دار چینی: جسم کو گرم رکھنے کے علاوہ خون میں شکر کی سطح کو متوازن رکھتی ہے۔
پانی کا استعمال
سردیوں میں اکثر لوگ کم پانی پیتے ہیں کیونکہ پیاس کم لگتی ہے، مگر جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا اتنا ہی ضروری ہے۔ پانی جسم سے زہریلے مواد خارج کرتا ہے، جلد کو صحت مند بناتا ہے اور جسم کی حرارت کو برقرار رکھتا ہے۔ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینے کا معمول اپنائیں۔