عمران خان کی حالت بارے ناقابلِ تلافی معاملہ چھپا یا جا رہا:بیٹا

 والد زندہ بھی ہیں یا نہیں، ذہنی اذیت کی ایک شکل ،قابل تصدیق معلومات نہیں 
عمران کی صحت ٹھیک ، ہم چاہتے ہیں عدالتی حکم پر ملاقات کرائی جائے :جیل اہلکار
 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان کو خدشہ ہے کہ حکام ان کے والد کی حالت کے بارے میں ’کچھ ناقابلِ تلافی‘ معاملہ چھپا رہے ہیں۔ قاسم نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ خاندان کا سابق وزیراعظم سے نہ تو براہِ راست اور نہ ہی قابلِ تصدیق رابطہ ہے۔انہوں نے تحریری بیان میں کہا کہ یہ نہ جاننا کہ آپ کے والد محفوظ ہیں، زخمی ہیں یا زندہ بھی ہیں یا نہیں، ذہنی اذیت کی ایک شکل ہے، گزشتہ چند ماہ سے کوئی آزادانہ طور پر تصدیق شدہ رابطہ نہیں ہو سکا۔ ’آج ہمارے پاس ان کی حالت کے بارے میں کوئی قابلِ تصدیق معلومات نہیں، ہمیں سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ ہم سے کچھ ایسا چھپایا جا رہا ہے جو ناقابل تلافی ہے۔خاندان نے متعدد مرتبہ عمران کے ذاتی معالج کے لیے اجازت طلب کی ہے، لیکن انہیں ایک سال سے زائد عرصے سے عمران کا معائنہ کرنے نہیں دیا گیا۔ دوسری جانب جیل اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور وہ ایسی کسی تجویز سے واقف نہیں کہ انہیں زیادہ سکیورٹی والی جیل میں منتقل کیا جائے۔قاسم خان نے کہا کہ یہ تنہائی دانستہ ہے، ان کے مطابق حکام عمران خان کو مکمل طور پر کٹ آف رکھے ہوئے ہیں۔ ’ہمیں بتایا گیا تھا کہ وقت کے ساتھ وہ بہتر ہو جائیں گے، لیکن اب کئی ہفتوں کی مکمل خاموشی اور زندگی کی کوئی علامت نہ ہونے کے بعد وہ یاد ایک مختلف معنی رکھتی ہے۔وہ چاہتے ہیں کہ عدالتی حکم کے مطابق ملاقات فوراً بحال کی جائے۔