آگاہی کے فقدان سے آبادی کا چیلنج مزید سنگین ہوتا جارہا ہے: عطا تارڑ

آگاہی کے فقدان سے آبادی کا چیلنج مزید سنگین ہوتا جارہا ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی پھیلانا نہایت ضروری ہے۔

 انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آبادی میں اضافہ صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، اور اس سے وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔عطا اللّٰہ تارڑ نے زور دیا کہ آبادی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ تشویشناک ہے، کیونکہ یہ زچگی اور بچوں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے، اور ترقی کی رفتار کو سست کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال ہمارے ملک کی آبادی میں نیوزی لینڈ کی آبادی کے برابر اضافہ ہو رہا ہے، جو کہ ایک تشویشناک صورتحال ہے کیونکہ یہ بنیادی حق، یعنی زندگی گزارنے کا حق، بھی متاثر کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس حوالے سے بتایا کہ بڑھتی آبادی معیشت اور بنیادی سہولیات پر بھی بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہمارے خطے میں ورکنگ وومن کی شرح دیگر خطوں کے مقابلے میں کم ہے، جو ایک معاشرتی مسئلہ ہے۔ اس لیے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے آگاہی کے ساتھ ساتھ ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل صرف قانون سازی اور آگاہی مہم سے ہی ممکن ہے، اور سب کو مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ ایک متوازن اور صحت مند آبادی کی طرف بڑھا جا سکے۔