یہ نہ جاننا آپ کے والد محفوظ ہیں، زخمی ہیں یا زندہ بھی ہیں یا نہیں، ذہنی اذیت کی ایک شکل ہے
یہ صرف سیاسی تنازع نہیں، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، ہر سمت سے دبا ئو آنا چاہیے:بیٹا عمران خان
لندن (آئی این پی ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ حکام ان کے والد کی حالت کے بارے میں کچھ ناقابلِ تلافی معاملہ چھپا رہے ہیں۔ قاسم خان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ خاندان کا سابق وزیراعظم سے نہ تو براہِ راست اور نہ ہی قابلِ تصدیق رابطہ ہے، حالانکہ عدالت نے ہفتہ وار ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے۔انہوں نے تحریری بیان میں کہا کہ یہ نہ جاننا کہ آپ کے والد محفوظ ہیں، زخمی ہیں یا زندہ بھی ہیں یا نہیں، ذہنی اذیت کی ایک شکل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے کوئی آزادانہ طور پر تصدیق شدہ رابطہ نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس ان کی حالت کے بارے میں کوئی قابلِ تصدیق معلومات نہیں، ہمارا سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ ہم سے کچھ ایسا چھپایا جا رہا ہے جو ناقابل تلافی ہے۔خاندان نے متعدد مرتبہ عمران کے ذاتی معالج کیلئے اجازت طلب کی ہے، لیکن انہیں ایک سال سے زائد عرصے سے عمران کا معائنہ کرنے نہیں دیا گیا۔قاسم خان نے کہا کہ یہ تنہائی دانستہ ہے، ان کے مطابق حکام عمران خان کو مکمل طور پر کٹ آف رکھے ہوئے ہیں‘انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ عدالتی حکم کے مطابق ملاقات فورا بحال کی جائے۔قاسم خان نے کہا کہ یہ صرف سیاسی تنازع نہیں، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، ہر سمت سے دبا ئو آنا چاہیے، ہمیں ان سے طاقت ملتی ہے، لیکن ہمیں یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔