پنجاب اسمبلی میں تمام پارٹیوں کی جاندار نمائندگی موجود ہے،کسی بھی رکن اسمبلی نے مقامی حکومتوں کی مخالفت نہیں کی‘ اختیارات بٹنے سے ہی بڑھتے ہیں
آج شہروں کو بہتر اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے تو یہ خوش آئند ہے، لیکن یہ بھی سوچنا ہوگا کیا ایک ہی جگہ بیٹھ کر تمام کام نمٹائے جا سکتے ہیں؟:سپیکرپنجاب اسمبلی
اسلام آباد(آئی این پی )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہاہے مقامی حکومتوں کے بغیر بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکتے، ریاست کمزور ہوگی ، اسمبلی میں تمام پارٹیوں کی جاندار نمائندگی موجود ہے اور کسی بھی رکنِ اسمبلی نے مقامی حکومتوں کی مخالفت نہیں کی، اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل نہ کیے گئے تو ریاست کمزور ہوگی، کیونکہ اختیارات بٹنے سے ہی بڑھتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک اختیارات نچلی سطح تک نہیں جائیں گے ریاست اور شہری کے درمیان معاہدہ کمزور رہے گا، انہوں نے ملک میں موجود غیر مساوی تقسیم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گائوں میں رہنے والے لوگوں کو صاف پانی، پکی سڑکیں اور بہتر انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا اگر آج شہروں کو بہتر اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے تو یہ خوش آئند ہے، لیکن یہ بھی سوچنا ہوگا کہ کیا ایک ہی جگہ بیٹھ کر تمام کام نمٹائے جا سکتے ہیں؟ جب تک مقامی حکومتیں فعال نہیں ہوں گی، بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔مقامی حکومتوں کا قیام جمہوری نظام کا نامکمل ایجنڈا ہے۔