انقرہ (آئی این پی )ترکیہ کے پہلے بغیر پائلٹ لڑاکا طیارے کِزِل ایلما نے عالمی سطح پر تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار گک دوغان ایئر ٹو ایئر میزائل کو جٹ طیارے کے ہدف پر کامیابی سے فائر کیا، جو کسی بھی بغیر پائلٹ جنگی طیارے کی پہلی تصدیق شدہ فضائی لڑاکا کامیابی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ترکی کی دفاعی کمپنی بائیکر نے بتایا کہ گک دوغان میزائل نے ہدف کو ایسلسان کے تیار کردہ موراد ریڈار کی مدد سے نشانہ بنایا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ترکیہ کے قومی جنگی پلیٹ فارم نے مقامی طور پر تیار شدہ میزائل کو ملکی ریڈار کی گائیڈنس میں فضائی ہدف پر داغ کر کامیابی حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ کِزِل ایلما دنیا کا واحد بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ بن گیا ہے جس کی فضائی جنگی صلاحیت باقاعدہ طور پر ثابت ہو گئی ہے۔