دھرنے پاکستان کی معیشت کے لیے زہرہیں: احسن اقبال

پاکستان کو امن و استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی
نارووال (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دھرنے پاکستان کی معیشت کے لیے زہرہیں۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 24نومبرکواسلام آباد میں دھرنے کی کال دی گئی، جس دن کال دی سٹاک مارکیٹ چار ہزارپوائنٹس گر گئی، جس دن وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگے سٹاک مارکیٹ اوپر گئی۔انہوں نے کہا کہ جب دھرنا ناکام ہوا تب معیشت اوپرکی طرف گئی، دھرنے پاکستان کی معیشت کے لیے زہر ہیں، پاکستان کو امن و استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ گذشتہ77سالوں میں پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں رہا، حکومتوں کو چلنے نہیں دیا گیا، جب ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں، 2018میں ایک اناڑی، ضدی شخص کومسلط کیا گیا۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا توملک تقریبا دیوالیہ ہوچکا تھا، حکومتی اقدامات کی وجہ سے آج مہنگائی کم ہو رہی ہے، مہنگائی38فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی تھی، آج مہنگائی کی شرح ساڑھے چھ فیصد پرآگئی ہے۔