راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلیفون پر بات کروا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ڈیڑھ گھنٹے تک فون پر بات کرائی گئی۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ نیب کے گواہ آفتاب احمد کا بیان قلم بند کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جرح مکمل کی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔ عدالت نے دو مزید گواہان رابعہ اور ثنا کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے تصدیق کی کہ انہیں اپنے بیٹوں سے ڈیڑھ گھنٹے بات کروائی گئی ہے اور جیل میں ان کے اخبارات بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے بچے صرف مجھ سے ملنے پاکستان آئیں گے، وہ سیاست یا احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘‘خیال رہے کہ جولائی 2024 میں بانی پی ٹی آئی نے بیٹوں سے بات نہ کرانے پر درخواست دائر کی تھی، جس پر انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کی اجازت دی تھی۔