تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر آفتاب میو کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈیفنس سی کے علاقے میں آفتاب میو کا مزدوروں پر تشدد کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ڈیفنس سی پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے ملزم آفتاب میو کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ملزم نے مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے پر ملزم آفتاب میو کو فوراً گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس پی کینٹ نے فوری کارروائی کرنے پر ایس ایچ او ڈیفنس سی رضا عباس اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، شہریوں پر تشدد کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا