ڈونلڈ ٹرمپ کا روس کے قریب امریکی جوہری آبدوزیں تعینات کرنے کا حکم

ڈونلڈ ٹرمپ کا روس کے قریب امریکی جوہری آبدوزیں تعینات کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے سابق صدر اور سیکیورٹی کونسل کے موجودہ سربراہ دمتری میدویدیف کے ’اشتعال انگیز‘ بیان کے ردعمل میں امریکا کی دو جوہری آبدوزوں کو روس کے قریب ’’مناسب علاقوں‘‘ میں تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ اگر میدویدیف کے بیانات محض الفاظ سے بڑھ کر عملی شکل اختیار کر جائیں تو امریکا اس کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہو۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ:"الفاظ بہت اہم ہوتے ہیں اور بعض اوقات غیر ارادی نتائج پیدا کرسکتے ہیں، امید ہے کہ یہ موقع ان میں سے ایک نہیں ہوگا۔"یہ پیش رفت میدویدیف کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے روسی معیشت کو مردہ قرار دینے پر سوویت دور کے خفیہ نظام ’ڈیڈ ہینڈ‘ کا ذکر کیا تھا۔یاد رہے کہ ’ڈیڈ ہینڈ‘ سوویت یونین کا وہ نیم خودکار دفاعی نظام تھا جو دشمن کے کسی بڑے حملے کی صورت میں روسی قیادت کے خاتمے کے باوجود جوہری میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔