ایران کی مکمل تعمیل تک امریکی فوج ایران کے ارد گرد تعینات رہے گی:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کی مکمل تعمیل تک امریکی فوج ایران کے ارد گرد تعینات رہے گی:صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے کی مکمل تعمیل نہ ہونے کی صورت میں سخت اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج، بحری جہاز، ہوائی جہاز اور دیگر فوجی اہلکار ایران اور اس کے ارد گرد تعینات رہیں گے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور طاقتور ردعمل دیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر جنگ بندی یا معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو حملے پہلے سے زیادہ بڑے اور طاقت ور ہوں گے جنہیں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ ٹرمپ نے دوبارہ زور دیا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا اور آبنائے ہرمز تجارتی جہاز رانی کے لیے کھلا اور محفوظ رہے گا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس دوران امریکی فوج آرام کر رہی ہے اور اپنی اگلی فتح کا انتظار کر رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا مکمل تیاری کے ساتھ کسی بھی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے چوکس ہے۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی طے پا چکی ہے، لیکن دونوں فریقین کے درمیان اعتماد ابھی ناپائیدار ہے، اور ٹرمپ کے بیانات سے خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔