انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور فلپائن پر بھی19 فیصد ٹیرف عائد، بھارت، قازقستان پر 25 فیصد، جنوبی افریقہ، الجزائر، لیبیا پر 30 فیصد، میانمار اور لائوس پر 40 فیصد ٹیرف عائد کردیا گیا
ترکیہ15‘بنگلہ دیش20فیصد ٹیرف‘ شام پر سب سے زیادہ 41 فی صد ٹیرف عائد کیا گیا‘امریکہ نے کینیڈا پر ٹیرف 25 سے بڑھا کر 35 فیصد کر دیا ، اسرائیل جیسے قریبی اتحادی پر بھی 15 فیصد ٹیرف عائد‘آج سے اطلاق ہوگا
تجارتی معاہدہ اورپاکستان کے ٹیرف میں کمی اس عزم کا ثبوت ہے دونوں ملک شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں:امریکی سفارتخانہ‘امید ہے ٹیرف معاہدہ امریکی منڈی میں پاکستان کیلئے مواقع کا ایک نیا در کھولے گا:دفترخارجہ
واشنگٹن‘اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ نے دنیا بھر پر تجارتی ٹیرف کے اطلاق کا آغاز کر دیا، پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں نمایاں رعایت مل گئی ہے۔وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر قیادت انتظامیہ نے نئی عالمی تجارتی پالیسی کے تحت مختلف ممالک پر مختلف سطح کا جوابی ٹیرف عائد کر دیا ہے۔جنوبی ایشیا کے اہم حریف ممالک میں سے پاکستان پر 19 فیصد جبکہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا، یوں اسلام آباد کو نئی امریکی پالیسی میں سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق جنوبی ایشیا میں پاکستان کو سب سے زیادہ رعایت کی وجہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں ہیں۔وائٹ ہائوس رپورٹ کے مطابق پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور فلپائن پر 19 فیصد، بھارت، قازقستان، مالدووا پر 25 فیصد، جنوبی افریقہ، الجزائر، لیبیا پر 30 فیصد، میانمار اور لائوس پر 40 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے جبکہ شام پر سب سے زیادہ 41 فی صد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، امریکا نے کینیڈا پر ٹیرف میں اضافہ کرتے ہوئے 25 سے بڑھا کر 35 فیصد کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل جیسے قریبی اتحادی پر بھی 15 فیصد ٹیرف لاگو کیا گیا ہے۔، بنگلہ دیش پر20، ترکیہ پر15فیصد ‘ جنوبی افریقہ پر30، ویتنام پر20، وینزویلا پر15فیصد ٹیرف عائد کیا گیا، سوئٹرز لینڈ پر39،عراق پر35، جاپان پر15 فیصد ٹیرف لگایا گیا، لیبیا پر30 فیصد، میانمار پر40 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا، نئے ٹیرف کا اطلاق آج سے ہوگا۔دریں اثناء امریکی سفارتخانے نے امریکی ٹیرف میں کمی کو پاک امریکہ انتظامیہ کی مشترکہ کامیابی قرار دیدیا۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان پر عائد ٹیرف میں واضح کمی پاک امریکہ انتظامیہ کی مشترکہ کامیابی ہے۔سوشل میڈیا پرجاری امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہاگیا تجارتی معاہدہ اورپاکستان کے ٹیرف میں کمی اس عزم کا ثبوت ہے دونوں ملک شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، یہ اشتراک دونوں ممالک کی باہمی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے امید ہے ٹیرف معاہدہ امریکی منڈی میں پاکستان کیلئے مواقع کا ایک نیا در کھولے گا، ٹیرف کی شرح پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو تقویت دے گی۔