معیشت کو مضبوط قرار دینے والوں کی تعداد چار گنا بڑھ گئی،کمزور کہنے والوں کی تعداد 9پوائنٹس کم ہوگئی،رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) عوام کا ملک کی درست سمت پر یقین 19فیصد تک پہنچ گیا جو 36ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے جب کہ 16پوائنٹس کمی کے ساتھ مہنگائی 3.5 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں اپسوس نے سروے رپورٹ جاری کی ہے ۔اپسوس سروے کے مطابق معیشت کو مضبوط قرار دینے والوں کی تعداد چار گنا بڑھ گئی جبکہ کمزور کہنے والوں کی تعداد 9پوائنٹس کم ہوگئی، گھریلو خریداری کے حوالے سے اطمینان میں رواں سہ ماہی میں 6پوائنٹس کا اضافہ ہوا، 21فیصد لوگ توقع رکھتے ہیں کہ اگلے چھ ماہ میں مقامی معیشت مضبوط ہوجائیگی۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کے لیے بچت کے حوالے سے اعتماد دوبارہ بڑھ رہا ہے، ملازمت کے تحفظ پر اعتماد 3سال کی بلند ترین سطح پر آگیا ہے، پاکستان نے گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس میں ترکی کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ بھارت، چین، اور برازیل کی درجہ بندی نیچے آگئی۔اپسوس سروے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار پاکستان کے عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معیشت کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں، جو حکومت کو ان کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔