پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق جناح 13 کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق میں پاک فوج اور ترک افواج کے دستوں نے انسدادِ دہشت گردی کی تربیت میں حصہ لیا، جس میں انقرہ اور اسپارٹا میں انجام دی گئی سرگرمیوں میں دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس تربیت کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی سے متعلق مہارت اور طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا، جس میں شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اور کارروائیوں پر خاص توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ، بارودی سرنگوں اور آئی ای ڈیز کے خلاف مشترکہ تربیت کو بھی اہمیت دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام تربیتی اور ملٹری ڈپلومیسی کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے ہیں، اور اس مشق نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔