مبینہ مالی بے ضابطگیاں ،لیسکو چیف کی ایف آئی اے آفس طلبی

قومی خزانے کو کروڑوں کانقصان پہنچانے کا الزام، رمضان بٹ پیش نہ ہوئے 
لاہور(خصوصی رپورٹ )ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ کو مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق انکوائری میں طلب کر لیا۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل لاہور انکوائری نمبر ENQ-ACC-LHR-158/26 کے تحت محمد رمضان بٹ کے خلاف موصول ہونے والی شکایت کی تحقیقات کر رہا ہے۔ شکایت کنندہ محمد بشیرکی جانب سے لیسکو کے سی ای او کے خلاف مبینہ طور پر قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ شکایت میں ڈی ڈبلیو پی کے معاہدے میں توسیع اور مجموعی مالی نقصان سے متعلق بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے نے لیسکو کے سی ای او محمد رمضان بٹ کو گزشتہ روز بلایا ،گزشتہ روز سی ای او لیسکو نوٹس پر ایف آئی اے پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں دوبارہ نوٹس کیا گیا۔