شارجہ: سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے خلاف اپنے ابتدائی میچز ہارنے والی ٹیمیں افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) آج پہلی فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق، شارجہ میں جاری سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے زیر کیا تھا۔اب دونوں ناکام ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ افغان ٹیم نے اپنی پہلی فتح کے لیے اسپنرز پر امیدیں رکھی ہیں اور کپتان راشد خان سے بھی آل راؤنڈ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
یو اے ای کی ٹیم کا انحصار بلے باز آصف خان پر ہوگا، جنہوں نے پاکستان کے خلاف چھ چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے تھے۔دونوں ٹیمیں اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے افغانستان نے نو اور یو اے ای نے تین میچز جیتے ہیں۔