پنجاب بار کونسل الیکشن ، مہم تیز

 ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کا فیصلہ ،خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، وکلاکو 30 ستمبر تک رجسٹریشن کرانیکی ہدایت
 لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بار کونسل کے صوبے بھر سے 5سالہ مدت کیلئے ارکان کے چناو? کیلئے امیدواروں کی انتخابی مہم میں تیزی آنے لگی، امیدواروں نے حامیوں کے ساتھ ڈور ٹو ڈور الیکشن مہم شروع کر دی، لاہور ہائیکورٹ میں بھی ممبر پنجاب بار کونسل کے امیدوار الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔ پنجاب بار کونسل کے انتخابات نومبر میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہونگے،الیکشن میں کیو آر کوڈ حاصل کرنیوالے رجسٹرڈ وکلا ہی ووٹ ڈال سکیں گے ،اس حوالے سے وکلا کو 30 ستمبر تک رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب بار کونسل الیکشن کیلئے قوانین کے تحت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز ریٹرننگ افسر ہونگے۔امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق امیدواروں کو بینرز، پینا فلیکسز، ہورڈنگز، اشتہارات اور سٹیکرز کے استعمال سے روک دیا گیا ہے، امیدواروں اورحامیوں کو اسلحہ کی نمائش سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، امیدوار نہ تو ووٹرز کے گھرجا کر ووٹ مانگ سکیں گے اور نہ ہی کھانے، چائے یا دیگر ضیافت دے سکیں گے، امیدوار صرف ذاتی ملاقات، خط یا پانچ بائی تین انچ کے سپیشل وزٹنگ کارڈ کے ذریعے ووٹرز سے رابطہ کر سکیں گے، قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی اور الیکشن لڑنے کیلئے نااہلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔