اگلے15روز کیلئے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 1 روپے 46 پیسے کمی
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 89 پیسے سستا ہوگیا،نوٹیفکیشن جاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے ڈیزل 3روپے فی لٹرسستا کردیاجبکہ پٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں 3 روپے کمی کے بعد فی لٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 269 روپے 99 پیسے ہوگئی۔اسکے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 46 پیسے کمی کی گئی جبکہ پٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔دوسری طرف اوگرا کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 89 پیسے سستا کر دیا گیا۔ 11اعشاریہ 8 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈرکی نئی قیمت 2 ہزار 527 روپے 47 پیسے مقرر کی گئی جبکہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 1 روپے 17پیسے کمی کے بعد 214روپے 19 پیسے ہو گئی۔