28 ہزار سیلاب متاثرین امراض کاشکار

 لاہور میں 24گھنٹوں میں11 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ،ڈینگی ، ڈائریا ، ملیریا اور جلد کی بیماریاں پھیلنے لگیں 
لاہور (کرائم رپورٹر )بارشوں وسیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریاں سر اٹھانے لگیں۔ ڈینگی ، ڈائریا ، ملیریا اور جلد کی بیماریاں رپورٹ ہونے لگیں۔پنجاب بھر میں دو ہفتوں میں28 ہزار سے زائد لوگ وبائی امراض سے متاثر ، لاہور میں 24گھنٹوں میں11 ہزار سے زائد متاثرہ مریض رپورٹ ہوئے ۔میو ہسپتال میں 33 سو ، جناح ہسپتال میں 26 سو ،سروسز ہسپتال میں 22 سو ، جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی دو ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ جنوری سے ابتک ڈینگی کے پنجاب میں 315جبکہ لاہور میں 80 مریض رپورٹ ہوئے۔پنجاب بھر میں ابتک سانپ کے کاٹنے سے سو سے زائد جبکہ کتے کے کاٹنے سے 170 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہیکہ متاثرہ علاقوں میڈیکل کیمپس لگاکر مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ،ادویات کی وافر مقدار موجود ہے۔محکمہ صحت و بہبود آبادی کی ٹیموں کو 24/7 الرٹ رہنے سمیت سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس حضرات کو تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔