مودی کے ساتھ کشیدہ تعلقات ، ٹرمپ وعدے کے باوجود رواں سال بھارت نہیں جائینگے :امریکی اخبار

ٹرمپ  بھارت کا دورہ منسوخ مودی سرکار کو بڑا جھٹکا 

 امریکی صدر نے نومبر میں کواڈ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت جانا تھا، متنازع بیان بازی کے بعدصدر ٹرمپ نے بھارتی دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا:نیویارک ٹائمز
امریکا بھارت کے تعلقات بحران سے گزر رہے ہیں :صحافی مائیکل کوگلمین 

واشنگٹن،نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو ایک اور بڑاجھٹکا،امریکی صدرٹرمپ نے بھارت کادورہ منسوخ کردیا۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرنے نومبر میں کواڈسمٹ میں شرکت کیلئے بھارت جاناتھا، لیکن متعدد بار یقین دہانی کے باوجود انہوں نے یہ دورہ ترک کردیا ہے۔وائٹ ہاؤس نے تاحال امریکی صدر کے دورہ منسوخی سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ مودی صدر ٹرمپ کے بار بار اس دعوے سے برہم تھے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو حل کیا ہے، وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ امریکا کا بھارت،پاکستان جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں اور یہ معاملہ دونوں ممالک نے براہِ راست طے کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ مہینوں میں بھارت کی جانب سے متنازع بیان بازی کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے رواں سال دورہ بھارت کا منصوبہ ختم کیا ، یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں بھارت اور امریکا کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ نے روسی تیل خریدنے پر بھارت پر تعزیری محصولات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ بڑھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کو کواڈ اجلاس کے لیے رواں برس بھارت کا دورہ کرنا تھا لیکن امریکی صدر کا اس سال بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ نہیں۔ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ صحافی مائیکل کوگلمین نے کہا کہ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو اس کا مطلب ہے امریکا اور بھارت کے تعلقات کسی بحران سے گزر رہے ہیں اور دونوں رہنماں کا قریبی تعلق بھی متاثر ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق مودی کا دورہ چین امریکا بھارت تعلقات میں دراڑ ڈالنے کا موقع ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے، بالخصوص بھارت کی جانب سے تجارتی معاہدہ فائنل نہ ہونے کے بعد ٹرمپ نے سخت ٹیرف لگا دیا تھا۔