شاہ ریز کے مزید ریمانڈکی درخواست مسترد ،جیل بھیج دیاگیا

ملزم 9مئی کو دوستوں کیساتھ چترال میں تھا:وکیل،بیان حلفی عدالت میں پیش 
توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت یکم ستمبر تک موخر ،کنول شوذب کے وارنٹ جاری 
لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی(کوخصوصی رپورٹ )لاہور کی خصوصی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کا9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں مزید ریمانڈ دینے کی استدعامستردکرتیہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،شاہ ریز کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت میں ضمانت کی درخواست بھی دائر کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ وکلاصفائی کا کہناتھاکہ ملزم شاہ ریز خان نو مئی کو اپنے دوستوں کے ساتھ چترال میں تھا، وکیل نے ملزم کے دوستوں کے بیان حلفی پیش کئے ،شاہ ریز کو بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونے پر کیس میں ملوث کیاگیا۔ وکلا نے انسداد دہشتگری عدالت میں شاہ زیر خان کی ضمانت کی درخواست بھی دائر کردی۔پی ٹی آئی رہنما اعجازچودھر ی نے تھانہ سرورروڈ اور تھانہ شادمان کے 2کیسز میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کردیں۔سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی،گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کیس سماعت کیلئے لگایا گیا تاہم کسی کارروائی کے بغیر کیس کو یکم ستمبر تک مؤخر کر دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی سینئر رہنما کنول شوذب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اورانہیں گرفتار کرکے 3ستمبرکو پیش کرنے کا حکم دیا۔