سوتیلی بیٹی سے زیادتی کیس: ملزم محمد ریاض کی ضمانت کی درخواست مسترد

سوتیلی بیٹی سے زیادتی کیس: ملزم محمد ریاض کی ضمانت کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے سوتیلی بیٹی سے زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد ریاض کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

جسٹس طارق محمود باجوہ نے درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مقدمے کے موجودہ مرحلے پر ملزم کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔تفصیلات کے مطابق محمد ریاض کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وکیلِ صفائی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ متاثرہ لڑکی کی نانی کے بیان پر درج ہوا جبکہ لڑکی کی والدہ نے کسی قسم کا الزام نہیں لگایا۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ملزم پر الزام بے بنیاد ہے، لڑکی سے کوئی زیادتی نہیں ہوئی اور ڈی این اے رپورٹ میں بھی یہ الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ مزید کہا گیا کہ مقدمہ ایک سال کی تاخیر سے درج ہوا جبکہ محمد ریاض گزشتہ 11 ماہ سے بے گناہ جیل میں قید ہے۔

تاہم سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تفتیش اور میڈیکل رپورٹ میں ملزم قصوروار پایا گیا ہے، جبکہ متاثرہ لڑکی نے بھی اپنے بیان میں واضح الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سوتیلے والد نے زیادتی کی۔ سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ سیشن کورٹ لاہور بھی میرٹ پر ملزم کی ضمانت کی درخواست پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔