ویب ڈیسک: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور تمام ادارے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی براہِ راست نگرانی میں فیلڈ آپریشنز میں مصروف ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کے 11 اضلاع کو سیلاب سے خطرات لاحق ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں کے عوام کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چناب، جہلم اور راوی میں بیک وقت آنے والا سپر فلڈ پنجاب کی تاریخ کا ایک نیا اور بڑا واقعہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک سیلاب کے باعث صوبے میں 35 افراد جاں بحق اور 23 لاکھ 34 ہزار 675 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے 8 لاکھ 57 ہزار 824 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق:
سیلاب سے 2 ہزار 222 موضع جات متاثر ہوئے۔
383 ریلیف کیمپ اور 375 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ڈرونز اور تھرمل ٹیکنالوجی کے ذریعے سیلابی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
اب تک 5 لاکھ 51 ہزار 769 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔
مویشیوں کے علاج کے لیے 329 میڈیکل مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ حکومت اور ادارے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔