پنجاب کے دریاؤں اور آبادیوں میں جاری سیلابی صورتحال کے بعد سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں نے مدد کی پیش کش کی ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے بعد صورت حال بہت خراب ہے اور جو بھی مدد چاہیے، سندھ حکومت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سندھ میں پانی آیا تو اس سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران میڈیا ہاؤسز نے مہم چلائی، لیکن پنجاب میں ایسی کوئی مہم نظر نہیں آئی۔
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا حصہ ہے اور وہاں کی تکلیف ہماری بھی تکلیف ہے، اس لیے امداد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا سیلاب بھی پنجاب سے گزرتا ہے اور توقع تھی کہ پنجاب حکومت اس آفت کے لیے تیار ہوگی، لیکن وہ بالکل تیار نہیں تھی، جس سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی نااہلی ظاہر ہوتی ہے۔ ان کے بقول، ان کی حکومت اور اداروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ پنجاب کی قیادت سیلاب کے دوران بیرون ملک موجود تھی۔