اوکاڑہ، سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کی چھٹیوں میں 7ستمبر تک توسیع

سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری
اوکاڑہ(آئی این پی ) پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ ضلع اوکاڑہ میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، دریائے ستلج و راوی کے سیلاب سے متاثرہ 32 دیہات کے اسکول 7 ستمبر تک بند رہیں گے۔چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے جاری کیا، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نارووال حسن رضا نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نارووال بھر کے اسکول یکم ستمبر سے 5 ستمبر تک بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ جاری ہنگامی صورتحال کے دوران طلبا، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا۔ضلعی حکام نے تصدیق کی کہ بندش کا اطلاق سرکاری اور نجی اداروں دونوں پر ہوگا، والدین اور طلبا کو مزید اپ ڈیٹس کے لیے اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکام نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ضلع بھر میں سیلاب کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ شدید بارشوں اور پانی کی بڑھتی ہوئی سطح نشیبی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے۔