ایک مکان اور ا سکول کو نقصان پہنچا ، معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے
2ستمبر تک مقبوضہ کشمیر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان
سرینگر ( آئی این پی )مقبوضہ کشمیر کے رامبان ضلع کے راج گڑھ علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاںبحق ہوگئے جبکہ ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ رامبان کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا کا کہنا ہے کہ ناتنا کے علاقے میں اچانک بادل پھٹنے سے سیلاب آ گیا، جس سے ایک مکان اور ایک سکول کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، اب تک چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ ایک لاپتہ ہے، متاثرین کے اہل خانہ کو فوری امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق 2 ستمبر تک مقبوضہ کشمیر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔