کراچی(آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے انڈسٹریل سائٹ ایریا میں 12 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک اور نیپرا کو نوٹس کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے انڈسٹریل سائٹ ایریا کی صنعتوں میں طویل اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کے خلاف دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی۔کراچی کی 19 صنعتی اداروں نے فاروق سمیع ایڈوکیٹ کی وساطت سے کے الیکٹرک کی جانب سے جاری شدید لوڈشیڈنگ کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل فاروق سمیع نے موقف اختیار کیا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے انڈسٹریل فیڈرز پر روزانہ 10 سے 12 گھنٹے اور بعض اوقات 12 سے 16 گھنٹے یومیہ تک غیر اعلانیہ بجلی بند کی جا رہی ہے۔اس بلا جواز بندش سے صنعتی سرگرمیاں، پیداوار اور برآمدی و مقامی کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں۔وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ اس سنگین مسئلے پر نیپرا کو شکایت درج کرائی گئی تھی، تاہم نیپرا نے کوئی ایکشن نہیں لیا اور درخواست التوا کا شکار ہے۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے تمام فریقین کے موقف کی سماعت کے بعد کے الیکٹرک، نیپرا اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 اکتوبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔