5 فروری کو ’’کشمیر ڈے ‘‘ منانے کیلئے بسنت جشن کا وقفہ ہوگا‘پوری دنیا میں10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی: وزیراعلی
مریم نواز نے جدید ٹیکنالوجی سے مزین موبائل پولیس سٹیشن وین کا افتتاح کردیا‘ وین کا معائنہ ،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور خاتون سے پبلک گائیڈ کے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہوروالوں کے لئے 10روزہ بسنت منانے کی بڑی خوش خبری کا اعلان کر دیا ۔ لاہور میں 10 دن بسنت منائی جائے گی جس کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دے دی ہے۔ 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق 29 جنوری سے 7 فروری تک بسنت منائی جائے گی ۔ 5 فروری کو ’’کشمیر ڈے ‘‘ منانے کے لیے ایک روز بسنت جشن کا وقفہ ہوگا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت سے بھی بڑھ کر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے بہتر اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انسانی جان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ گزشتہ بسنت کی طرح ایک نئی مثال بھی قائم کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید ترین سہولیات اور ٹیکنالوجی سے مزین موبائل پولیس سٹیشن وین کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ 33 موبائل پولیس سٹیشن وین مختلف اضلاع میں فنکشنل ہوں گی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موبائل پولیس سٹیشن وین کا معائنہ کیا اور موبائل پولیس سٹیشن کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشر یف نے موبائل پولیس وین میں موجود سٹاف سے بات چیت کی اور سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور خاتون پبلک گائیڈ سے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سیکرٹری ہوم احمد جاوید قاضی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب میں 33 موبائل پولیس سٹیشن فنکشنل کر دیئے گئے اور6 موبائل پولیس سٹیشن خواتین سے متعلق امور کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں۔ ہر موبائل پولیس سٹیشن وین میں انچارج سب انسپکٹر، فیلڈ سپر وائزر،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ، میل اور فی میل کانسٹیبل سٹاف موجود ہوگا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین یونیورسٹی اور گرلز کالجز میں شیڈول کے مطابق جائے گی۔ 15 پر کال ڈیٹا کے مطابق موبائل پولیس سٹیشن وین کو مختلف علاقوں میں بھیجا جاے گا۔ہر موبائل پولیس سٹیشن وین پر14 مختلف اقسام کی پولیس سے متعلق سروسز میسر ہوں گی۔