پاکستان مالیاتی استحکام اور بڑھتے گردشی قرضے کم کرے‘مسلسل بنیادوں پر مالیاتی استحکام کے لئے اقدامات کرے، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کے عفریت کو قابو میں لائے
پٹرولیم لیوی میں کمی کی صورت میں متبادل ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے طریقے تلاش کئے جائیں:عالمی ادارہ‘ خلیجی جنگ کے باوجود اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائیگا:پاکستانی حکام
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے ایندھن مہنگا ہونے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر مالیاتی استحکام یقینی بنانے اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات پر زور دیا ہے، جبکہ پاکستانی حکام نے جاری خلیجی جنگ کے باوجود ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف مشن نے بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کے تناظر میں پاکستانی حکام سے مالیاتی استحکام کے لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔آئی ایم ایف مشن نے توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو قابو کرنے پر بھی زور دیا۔ مشن نے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی صورت میں پیدا ہونے والے مالیاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے متبادل ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی۔پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ جاری خلیجی جنگ کے باوجود ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ حکام نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کو منتقل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے پاکستان مالیاتی استحکام اور بڑھتے ہوئیگردشی قرضے کم کرے۔مسلسل بنیادوں پر مالیاتی استحکام کے لیے اقدامات کریں، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کے عفریت کو قابو میں لائیں اور پٹرولیم لیوی میں کمی کی تجویز کی صورت میں متبادل ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے طریقے تلاش کریں۔