مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ساملی سنٹوریم اسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کہا ہے کہ سیاست ایک مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، اور اس کا اصل مقصد خدمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد مری ان کا دوسرا گھر ہے اور اس علاقے کے ساتھ ان کا تعلق اتنا گہرا ہے کہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ مریم نواز نے بتایا کہ مری اور اس کے اطراف کے علاقوں میں دل کے علاج کی کوئی مناسب سہولت موجود نہیں تھی، اور مریضوں کو زیادہ وقت ضائع کیے بغیر علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مری سے راولپنڈی پہنچنے کے دوران دل کے مریضوں کی حالت بگڑ سکتی تھی، اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہاں دل کا اسپتال ہونا چاہیے۔ چند ماہ کی محنت کے بعد کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے، جو علاقے کے دل کے مریضوں کے لیے بڑی سہولت فراہم کرے گا۔