رائے ونڈ(خصوصی رپورٹ)ریلوے حکام کی غفلت کے باعث ریلوے یارڈ کے باہر کھڑی بوگیوں سے قیمتی سامان چوری ہونے لگا۔تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے رائے ونڈ ریلوئے اسٹیشن کے یارڈ میں سینکڑوں بوگیاں کھڑی کی گئی تھیں، مذکورہ بوگیاں مختلف حادثات کا شکار ہونے کے بعد رائے ونڈ جنکشن یارڈ میں پہنچا دی گئی تھیں،طویل عرصے گزرنے کے باجود یہاں سے کنڈم بوگیوں کو مغل پورہ ورکشاپ نہیں بھیجا گیا۔شہریوں کے مطابق رائے ونڈ اسٹیشن یارڈ کے ساتھ خالی جگہ پر ٹرین کی بوگیاں کرین کے ذریعے رکھی گئی ہیں جنکا قیمتی سامان چوری ہو رہا ہے، ٹریک سے ہٹ کر کھڑی کی گئی بوگیوں میں مقامی نشئی سارا دن لوہے کا سامان نکالنے میں مصروف رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق کنڈم بوگیوں میں سے صرف چند درجن بوگیوں کو چند ماہ قبل یہاں سے لاہور منتقل کردیا گیا تھا لیکن اب بھی سینکڑوں کنڈم بوگیاں رائے ونڈ اسٹیشن کے یارڈ میں کھڑی ہیں،مذکورہ بوگیاں جرائم پیشہ عناصر کا محفوظ مسکن بن چکی ہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار بوگیوں کا سامان چوری ہونے سے محکمہ ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان واقع ہو چکا ہے ،کھلے آسمان تلے پڑا قیمتی لوہے کا میٹریل روزانہ کی بنیاد پر نشئی چرا کر مقامی کباڑیوں کو فروخت کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ناکارہ بوگیوں میں منشیات فروشی سمیت دیگر مکروہ دھندے بھی ہورہے ہیں،ریلوئے اسٹیشن یارڈ میں روشنی کا ناقص انتظام ہونے کا مقامی جرائم پیشہ عناصر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔دوسری جانب ریلوے پولیس محدود وسائل اور نفری کی کمی سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں ،رائے ونڈ جنکشن یارڈ میں آئے روز جرائم کی وارداتوں پر مقامی آبادی شدید پریشان ہے جبکہ دوسری جانب ریلوے مسافروں کو رات کے اوقات میں تاخیر سے آنے والی ٹرینوں کی وجہ سے مذکورہ جرائم پیشہ عناصر کی وجہ سے متعدد بار نقصان اٹھانا پڑا ہے۔مقامی سماجی،رفاہی حلقوں نے رائے ونڈ اسٹیشن یارڈ میں کھڑی ناکارہ بوگیوں کی فوری مغل پورہ ورکشاپ منتقلی کا مطالبہ کیا ہے۔