وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس ،فلاحی منصوبوں پر کا جائزہ
لاہور(خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام سمیت دیگر فلاحی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال دھی رانی پروگرام کے تحت صوبہ بھر سے 9ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے نصف سے زائد کی تحصیل ویری فکیشن کمیٹی سے تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اس پروگرام کے تحت رواں سال تقریباً 5000مستحق بچیوں کی شادیاں حکومتی تعاون سے ممکن بنائی جائیں گی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع سے موصولہ پیش رفت رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جبکہ افسران نے صوبائی وزیر کو این جی اوز کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال تاریخی فلاحی پروگرامز پر عملدر آمد کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر شفاف اور تیز عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کا وڑن ہے کہ کسی مستحق بچی کی شادی وسائل کی کمی کی وجہ سے رکنے نہ پائے۔ دھی رانی پروگرام نے ہزاروں گھروں میں خوشیوں کے چراغ روشن کیے ہیں اور یہ سفر مزید بڑے پیمانے پر جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن فیض نعیم وڑائچ، ڈائریکٹر پلاننگ محمد سلیمان، ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل افتخار سلیم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔