سوئی ناردرن : ایل این جی کنکشن دینے کا آغاز

جمع ڈیمانڈ نوٹسز پر ایل این جی معاہدے کے تحت کنکشن فراہم کیے جائیں گے
صارفین کو لیٹرز بھیجے گئے، شناختی کارڈ اور انگوٹھا لگوا کر معاہدہ کیا جائے گا،اعلامیہ جاری
لاہور (کرائم رپورٹر)ایل این جی کی بنیاد پر گھریلو صارفین کو کنکشن دینے کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، کیونکہ سوئی ناردرن نے پانچ سال قبل جمع ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کمپنی نے جمع ہونیوالے ڈھائی لاکھ ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن دینے کا عمل شروع کیا ہے۔ پہلے سے جمع ڈیمانڈ نوٹسز والے صارفین کو نئے معاہدے کے لیے لیٹرز بھیجے گئے ہیں۔لیٹرز کے تحت صارفین سے قدرتی گیس کی بجائے ایل این جی کے معاہدے کیے جائیں گے، اور صارفین قدرتی گیس کے بجائے امپورٹڈ ایل این جی پر کنکشن لے سکیں گے۔کمپنی کی جانب سے صارفین کو دفاتر بلایا گیا ہے، جہاں قومی شناختی کارڈ اور انگوٹھے کے نشان لگوا کر معاہدہ کیا جائے گا۔ صارفین کی جانب سے معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں کمپنی جمع ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن نہیں دے گی۔معاہدے کے تحت صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں اضافی رقم بھی ادا کرنی ہوگی۔ لیٹرز صارفین کے درخواست کردہ ایڈریس اور موبائل نمبر کی بنیاد پر بھیجے گئے ہیں۔