گورنر نے حلف لیا، کابینہ میں مینا خان ،ارشد ایوب ، امجد علی، آفتاب آفریدی شامل
کنڈی کی مبارک باد ،گورنر خیبرپختونخوا کی وزیر اعلی ٰ سے ملاقات، امن وامان پر گفتگو
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کابینہ کے 10 وزرا نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کابینہ سے عہدے کا حلف لیا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ، سپیکر بابر سلیم سواتی بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔حلف لینے والوں میں مینا خان آفریدی،ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمن، ریاض خان، سید فخر جہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل تھے۔حلف لینے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزرا کو مبارکباد دی اورنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ٓتقریب میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 13 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی جس میں 10 صوبائی وزراء ، دو مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔کابینہ میں مشیر کے طور پر مزمل اسلم اور تاج محمد اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ شفیع جان وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ادھر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جمعہ کے روز وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی سے گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہاؤس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور عوامی فلاحی منصوبوں سمیت صوبے کی ترقی وخوشحالی سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ میں صوبہ کے حقوق سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔ملاقات میں متحد ہوکر وفاق سے این ایف سی ایوارڈ سمیت صوبے کے حقوق کیلئے کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ اور اپنی عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر مشترکہ اواز اٹھانے کی ضرورت ہے،متحد ہو کر صوبہ کو ترقی یافتہ اور پرامن صوبہ بنائیں گے۔