آبنائے ٹرمپ؟ ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی صدر کو سخت جواب، ویڈیو بھی سامنے لے آئے

آبنائے ٹرمپ؟ ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی صدر کو سخت جواب، ویڈیو بھی سامنے لے آئے

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آبنائے ہرمز کے نام سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (Twitter) پر ایک پیغام جاری کیا جس میں ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو "آبنائے ٹرمپ" کہنے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عراقچی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ٹرمپ مبینہ طور پر غلطی سے آبنائے ہرمز کو "آبنائے ٹرمپ" کہہ رہے ہیں، مگر بعد میں انہوں نے اسے اپنی غلطی قرار دیا تھا۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک نقشہ بھی شیئر کیا ہے جس میں آبنائے ہرمز کو "آبنائے ٹرمپ" کے نام سے ظاہر کیا ہے۔ اس اقدام پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔  عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کو چاہیے کہ وہ درست اور تاریخی طور پر تسلیم شدہ اصطلاحات استعمال کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز جیسے اہم جغرافیائی مقامات کے نام بدلنا یا غلط انداز میں پیش کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ عراقچی نے مزید کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ خطے میں غیر ضروری تنازع اور کشیدگی کو بھی بڑھا سکتے ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔  اس بیان کے ذریعے عراقچی نے امریکہ کی جانب سے خطے کے حساس مسائل پر غلط بیانی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کی مذمت کی ہے، اور خطے کے ممالک سے بھی صحیح اور تسلیم شدہ اصطلاحات کے استعمال کا مطالبہ کیا ہے۔