یکم مئی کو شگاگو کے مزدوروں نے باعزت روزگار کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی:سابق وزیر اعظم
لاہور(خصوصی رپورٹر )یوم مئی پر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب قیادت نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی تہذیب و تمدن کی بنیاد محنت اور مزدور کے پسینے پر قائم ہے۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یکم مئی محنت کشوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا عالمی دن ہے،جو ہمیں محنت کشوں کے عزم کیساتھ آگے بڑھنے کا سبق دیتا ہے،اس روز شگاگو کے مزدوروں نے باعزت روزگار کیلیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا,بی بی شہید نے مزدوروں کیلئے لیبر کالونیوں کی بنیاد رکھی جبکہ صدر آصف زرداری نے پہلے دور میں تنخواہ و پنشن میں 100فیصد اضافہ کیا، پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کی ثابت قدمی اور جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ پاکستان کا مزدور آج بھی جبر و استبداد کا شکار ہے،سوشل سیکورٹی اور کنٹریکٹ سسٹم کی بنیاد پر اسکا استحصال کیا جاتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ بھٹہ اور کھیت مزدور کو انکے جائز حقوق اور مراعات ملنی چاہیں۔حسن مرتضی نے زور دیکر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو محنت کشوں کیلیے قوانین اور مراعات متعارف کرانیکا اعزاز حاصل ہے،نجکاری کے نام میں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہیں ہونے دینگے،محنت کشوں کے حقوق کیلیے پیپلز پارٹی ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہیگی۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ یوم مئی ہمیں سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف مزدوروں کی جدوجہد یاد دلاتا ہے،137برس قبل یکم مئی 1889 کو عالمی یومِ مزدور کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا.انہوں نے کہا کہ1972ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے یکم مئی کوقومی تعطیل قرار دیا مگرآج بھی غیر منظم شعبے سے وابستہ لاکھوں مزدور سوشل سیکیورٹی، ہیلتھ انشورنس اور پنشن سے محروم ہیں اورمزدور طبقے کیلئیمہنگائی اور بے روزگاری کے باعث دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔شہزاد سعید چیمہ نے مزید کہا کہ مزدور قوانین پر عملدرآمد اورکم از کم اجرت میں اضافہ اور بروقت ادائیگی یقینی بنانا ہو گی۔پاکستان پیپلز پارٹی نے سوشل سیکورٹی، لیبر قوانین اور کالونیاں بنائیں۔