رحیم یار خان میں پولیس مقابلہ، 3ڈاکو ہلاک ،ساتھی فرار

کارسوار ڈاکو ئوں نے چوکی پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں مارے گئے 
شکرگڑھ بدوال جنگل کے قریب خالد ،قصور میں حبیب مقابلے میں ہلاک
رحیم یارخان،چک امرو ،قصور(خصوصی رپورٹ) پولیس مقابلو ں کے دوران مزید 5ڈاکو مارے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے ،تفصیلات کے مطابق پولیس دربار ببییاں کے نزدیک معمول کی ناکہ بندی پرموجود تھی ،اسی دوران دوکاروں پرسوارمشکوک افراد کوروکنے کی کوشش کی انہوں نے پولیس اہلکاروں پراندھا دھند فائرنگ اور ناکہ توڑکرفرار ہونے کی کوشش کی،جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں تین ڈاکومارے گئے جبکہ دیگرساتھی کاروں سمیت موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے‘ شناخت نہ ہونے پرپولیس نے مارے جانیوالے ڈاکو ئوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں ،علاقہ بھرکی ناکہ بندی کرکے فرارہونے والے کارسوار ڈاکو ئوں کی تلاش شروع کردی ہے،دریں اثنا شکرگڑھ بدوال جنگل کے قریب سی سی ڈی اور ڈاکو ئوں کے درمیان مبینہ مقا بلے کے دوران ایک ڈاکوہلاک جبکہ ساتھی فرار ہو گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت خالد ظفروال کے نام سے ہوئی ہے ،اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں بر آمد کر لی گئی ہیں ملزم منشیات سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا ،علاوہ ازیں قادیونڈ گا ئوں کے قریب سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مقابلے میں خطرناک اور بدنام زمانہ ڈاکو حبیب عرف حبیبو ہلاک ہو گیا،ملزم 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا، اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سی سی ڈی ٹیم نے شہریوں سے چھینی گئی 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان بھی بر آمد کر لیا۔