یو اے ای کی وزارت تعلیم نے تیسرے سمسٹر کے دوران تعطیلات اور امتحانی شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
25 سے 29 مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جس میں مڈ ٹرم بریک اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات شامل ہیں۔ اس دوران طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملہ چھٹیوں سے مستفید ہوں گے۔اگر ان تعطیلات کو ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ ملایا جائے تو یہ وقفہ 23 اور 24 مئی کو ہفتہ وار تعطیلات کے بعد 25 سے 29 مئی تک جاری رہے گا، اور پھر 30 اور 31 مئی کو بھی ویک اینڈ شامل ہوگا۔ اس طرح، طلبہ کو کل ملا کر 9 دن کی مسلسل چھٹیاں ملیں گی، تاکہ امتحانات سے قبل ذہنی طور پر تیار ہو سکیں۔وزارت تعلیم کے شیڈول کے مطابق، تعلیمی سرگرمیاں یکم جون سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
ابتدائی امتحانات 15 اور 16 جون کو ہوں گے، جبکہ 17 جون کو نئے اسلامی سال کے موقع پر سرکاری تعطیل ہوگی۔ فائنل امتحانات 24 جون سے 3 جولائی تک جاری رہیں گے، اور 3 جولائی کو تعلیمی سال کا اختتام ہوگا۔مزید برآں، ذوالحجہ کے چاند کی رویت 17 مئی کو متوقع ہے، جس کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 یا 28 مئی کو ہو سکتی ہے، تاہم حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔