لاہور(آئی این پی ) اینٹی کرپشن کورٹ لاہور نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی ضمانت منظور کر لی۔ انسداد بدعنوانی عدالت لاہور میں صاف پانی کمپنی ریفرنس میں ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمان کے وکیل پیش ہوئے۔ملزمان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک ہونے کے باعث رابعہ اور ان کے شوہر علی عمران ریفرنس میں اشتہاری ہوئے۔ دونوں نے خود کو احتساب عدالت کے روبرو سرینڈر کیا۔وکیل صفائی نے کہا کہ احتساب عدالت نے دائرہ اختیار کی تبدیلی کے باعث عبوری ضمانت اینٹی کرپشن منتقل کی۔عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی بیٹی رابعہ اور ان کے شوہر علی عمران یوسف کی 4 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی