شہری احتیاطی تدابیر اختیار، مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں:محکمہ صحت
لاہور(آئی این پی )لاہور میں مزید تین افراد میں منکی پاکس کی تصدیق ہو گئی ۔ محکمہ صحت کے مطابق 36 سالہ ثمرا، 27 سالہ شفاقت علی اور 30 سالہ شان علی منکی پاکس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تینوں مریض اس وقت میو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال شہر میں منکی پاکس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا مرض اب ایک سے دوسرے شہری کو منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت پر تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اس بیماری کے پھیلائو کو روکنے میں موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے اور غیر ضروری میل جول سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔