بینکاری شعبے میں مؤثر تنازعہ حل مالیاتی نظام کے استحکام اور معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے:چیف جسٹس

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت ایک مشاورتی اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا  بینکاری شعبے میں مؤثر تنازعہ حل سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، مالیاتی نظام کے استحکام اور معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان ان تجاویز کو ایک جامع اصلاحاتی فریم ورک کی صورت میں مرتب کرے گا، جسے تکنیکی جانچ کے لیے ماہرین کی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی بطور چیئرمین لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے کہ بینکاری مقدمات مالیاتی نظم و ضبط، قرضوں کے بہاؤ اور مجموعی معاشی استحکام پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں، اور یہ شعبہ اس وقت ایک اہم رکاوٹ کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدفی قانونی اصلاحات، طریقہ کار کی سادگی اور اے ڈی آر نظام کے ادارہ جاتی نفاذ پر زور دیا تاکہ روایتی مقدمہ بازی پر انحصار کم ہو اور تنازعات کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔