اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی نائب صدر کا رابطہ،‘اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، طبی تعلیمی اداروں کے ریگولیٹری نظام میں بہتری پر غور
اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور خطے کی موجودہ صورتحال، اس کے معاشی اثرات اور وسیع تر علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، اس کے معاشی اثرات اور وسیع تر علاقائی امور پر بات چیت کی ہے ۔ یورپی یونین کی نائب صدر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور سہولت کار کردار کو سراہا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں مذاکرات، روابط اور پرامن حل کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثناء اسحاق ڈار کی زیر صدارت طبی تعلیمی اداروں کی منظوری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں میڈیکل، ڈینٹل اور متبادل طب کے اداروں کے ریگولیٹری نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نائب وزیراعظم آفس پاکستان کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تعلیمی معیار، شفافیت اور یکسانیت کو بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا تاکہ طبی تعلیم کے شعبے میں معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔