آبنائے ہرمز اہم ترین گزرگاہ ‘فوری کھولنے کے مطالبے سے متفق ہیں دفترخارجہ

امریکہ، ایران سے رابطے برقرار، امن کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں‘آبنائے ہرمزمیں کشیدگی کے عالمی معیشت پر اثرات ہورہے ہیں
 افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے  ہیں ،پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے:ترجمان
  اسلام آباد(آئی این پی )دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے  پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے، موجودہ صورتحال یہ ہے کہ خطے میں  مسئلے کے حل کیلئے  سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں اور یہ عمل رکا نہیں ہے،تمام فریقین آبنائے ہرمز کی بحالی پر متفق ہیں، وزیراعظم کے ایران، سعودی عرب، قطر سمیت دیگر ممالک کی قیادت سے رابطے ہوئے ہیں،، افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے  ہیں، متاثرین کی مدد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ،پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا  کہ پاکستان کی جنگ بندی کی اپیل کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے سیزفائرقبول کیاگیا، سیزفائرسے خطے میں کشیدگی میں کمی آئی اور سفارتی عمل کیلئے راستہ ہموار ہوا، جنگ بندی کے نتیجے میں حملے رکے، قیمتی جانیں بچیں، انفرا اسٹرکچرکو نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی سے مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا، اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سفارتی رابطے اوربات چیت کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان دونوں فریقین کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ مختلف تجاویز، خواہ نئی ہوں یا پرانی، زیرِ غور ہیں اور فریقین ثالثوں کے ذریعے ان پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اندرونی سطح پر مشاورت بھی جاری ہے۔