ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز اور اسپینش اداکارہ آنا دے آرمس ایک مرتبہ پھر خبروں میں چھائے ہوئے ہیں، اور اس بار ان کی لندن آمد نے سوشل میڈیا پر چہ میگوئیاں تیز کر دی ہیں۔
دونوں اداکاروں کو ایک ہی ہیلی کاپٹر میں لندن آتے دیکھا گیا، اور یہ واقعہ آنا دے آرمس کی 37ویں سالگرہ سے صرف ایک دن پہلے پیش آیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ہیلی کاپٹر میں دونوں آئے، اسے خود ٹام کروز اُڑا رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آنا اپنے پالتو کتے کے ہمراہ ہیلی کاپٹر سے اترتی ہیں جبکہ ٹام کروز بھی ہیلی کاپٹر کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک اور ویڈیو کلپ میں ٹام کروز کالی شرٹ، جینز اور بوٹس میں بیگ اٹھائے نظر آتے ہیں، جس سے ان کی غیر رسمی اور ذاتی نوعیت کی ملاقات کا تاثر ملتا ہے۔62 سالہ ٹام کروز تین بار شادی کر چکے ہیں اور ان کے تین بچے ہیں، جبکہ آنا دے آرمس کی ذاتی زندگی بھی خبروں کا حصہ رہتی آئی ہے۔
اگرچہ دونوں اسٹارز کی جانب سے ابھی تک کسی بھی تعلق یا رشتے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہو۔اس سے قبل ویلنٹائنز ڈے پر بھی دونوں کو لندن کے معروف علاقے سوہو میں دیکھا گیا تھا، جہاں وہ کھانے کے پیکٹس لیے مداحوں سے بات چیت کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔ دونوں کی حالیہ ملاقات اور مشترکہ لمحات نے ان کے مداحوں اور میڈیا میں ان کے رشتے کے بارے میں دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔