پہلگام حملے کے ذمے داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، جے شنکر

پہلگام حملے کے ذمے داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، جے شنکر

اسلام آباد / نئی دہلی:پہلگام حملے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کی اور خطے میں امن و استحکام پر زور دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے گفتگو کے دوران کہا کہ حملے کے ذمے داران، منصوبہ سازوں اور ان کے حمایتیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے حملے کو بھارت کی سلامتی کے خلاف سنگین سازش قرار دیا۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی رابطہ کیا، جس کے بعد انہوں نے جے شنکر سے بات کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔ روبیو نے پہلگام حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور امن کے فروغ کے لیے تمام فریقین سے صبر و تحمل کی اپیل کی۔

امریکی موقف سامنے آنے کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن خطے میں کسی قسم کی جنگی صورتحال سے بچنے کے لیے دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک خونریز حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جسے بھارت نے دہشت گردی قرار دیا ہے جبکہ متعدد تجزیہ کار اسے فالس فلیگ آپریشن قرار دے رہے ہیں۔