گرینڈ الائنس کی کامیابی کے لیے مولانا کی شمولیت ضروری ہے: اعظم سواتی

گرینڈ الائنس کی کامیابی کے لیے مولانا کی شمولیت ضروری ہے: اعظم سواتی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے قائدین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے، اور ان کی گرینڈ الائنس میں شمولیت کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس عوامی اور سیاسی جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جس کا بنیادی مقصد ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرینڈ الائنس کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام سیاسی طبقات کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سلامتی، معیشت اور جمہوریت کے لیے اکٹھا ہو جانا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی ملک گیر گرینڈ الائنس کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر سیاسی قوت ابھر کر سامنے آئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائد عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ ان کے کیسز کے سلسلے میں وہ خود بھی شدید مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب تک پارلیمان میں پیش کیے گئے مائنز اینڈ منرل بل کا ایک لفظ بھی نہیں پڑھ سکے کیونکہ عدالتوں کے چکر اور قانونی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں۔اعظم سواتی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ رہا ہے، اور مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان متوقع اتحادوں اور رابطوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔