اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی مقبولیت میں کمی گرینڈ الائنس میں شمولیت نہ کرنے کے باعث آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب مولانا کی جانب سے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تب ان کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔شبلی فراز ن کا کہنا تھا کہ:"اگر مولانا نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزاحمتی سیاست نہیں کریں گے تو یہ ان کا سیاسی فیصلہ ہے، اور اگر وہ خود کو محدود رکھنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔"شبلی فراز نے واضح کیا کہ:"ہم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ مولانا پی ٹی آئی کے لیے کام کریں، ہمارا مطالبہ صرف آئین و قانون کی بالادستی کے لیے باہمی تعاون کا تھا۔"
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاستدان کا جمہوری عمل میں سرگرم کردار اہم ہے، اور انہیں آئینی حقوق کی بحالی کے لیے قومی سطح پر اپوزیشن اتحاد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں تحریکِ انصاف کی قیادت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی، تاہم مولانا کی جانب سے مزاحمتی سیاست سے کنارہ کشی کی پالیسی سامنے آئی ہے، جس پر سوشل اور سیاسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔