قائم مقام چیئرمین سینیٹ سے ڈی جی سعید احمد شیخ کی ملاقات، ریڈیو پاکستان کے قومی بیانیے کے فروغ میں کردار پر گفتگو
سیدال خان سے چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان کی بھی ملاقات، شاہراہوں، موٹرویز کی ترقی کے حوالے سے بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی )قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حکومت کے جھوٹ کا ہمیشہ موثر جواب دیا ہے، حکومت نے قومی مفاد میں بہتر حکمت عملی اپنائی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ریڈیو پاکستان کی کارکردگی، ادارے کی ترقی و بہتری اور خصوصا صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ریڈیو سٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور عوامی سہولیات کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ادارے کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارے کی بہتری اور جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن سے عوام کو مزید معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معلومات کی بروقت رسائی ممکن ہو گی۔ اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بھارت کی جانب سے جاری جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے جھوٹ کا پاکستان نے ہمیشہ موثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان معلومات کے فروغ اور قومی بیانیے کے موثر ابلاغ میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔دریں اثناء قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے چیئرمین محمد شہریار سلطان نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر بالخصوص صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں شاہرائوں، موٹرویز اور مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے جاری اور مجوزہ منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے شاہراہوں اور مواصلات کے شعبے میں جاری اقدامات کو سراہا۔