پاکستان کومقبوضہ کشمیرمیں دہشتگرد حملے یا ایل اوسی پرفائرنگ شروع کرنے سے کیا فائدہ ہوگا؟ پاکستان ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا جواب دے رہا ہے
وزیر اعظم پہلگام واقعہ کی انکوائری کی پیشکش کر چکے، ماضی میں بھی ایسے الزامات لگائے گئے: چیئرمین پی پی پی کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وزیرِ اعظم کہہ چکے ہیں پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے تیار ہیں ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پر ماضی میں بھی الزامات عائد کئے گئے، پاکستان نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور آگے بڑھ چکا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا گیا، گرے لسٹ سے نکالنے کا مطلب عالمی برادری تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا دہشت گرد گروپوں سے کوئی تعلق نہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کومقبوضہ کشمیرمیں دہشتگرد حملے یا ایل اوسی پرفائرنگ شروع کرنے سے کیا فائدہ ہوگا؟ پاکستان ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا جواب دے رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کہہ چکی ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے فیصلے پر عمل درآمد کو فعال جنگ سمجھا جائے گا، جنگ ہوتی ہے تو خون بہتا ہے، پاکستان کے پاس ایسے دریا نہیں جن کو ہم جوابی طور پر بھارت کے خلاف روکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف پانی کی بندش کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہے تو اس کا مطلب اعلان جنگ ہو گا۔