دہشت گردوں کا حملہ مودی کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے،استعفی دے دیناچاہیے عظمی بخاری

پاکستانی فوج یونیفارم تنخواہ کیلئے نہیں پہنتی ،پاکستانی ہر وقت  ملک کیلئے قربانی دینے کوتیار ہیں ،انڈیا کچھ بھی نہیں کر پائے گا 
عالمی ادارے کا لاہور کو دنیا کے محفوظ ترین شہر میں شامل کرنا  بڑی کامیابی ہے، سیف سٹی پراجیکٹ جون میں مکمل ہو جائیگا:پریس کانفرنس
  لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے   پاکستانی فوج یونیفارم تنخواہ کے لئے نہیں پہنتی، پاکستانی ہر وقت اپنے ملک کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار ہیں انڈیا کچھ بھی نہیں کر پائے گا،7 لاکھ فوج کی سیکیورٹی میں دہشت گردوں کا حملہ مودی کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے، عالمی ادارے کا لاہور کو دنیا کے محفوظ ترین شہر میں شامل کرنا عالمی سطح پر بڑی کامیابی ہے، سیف سٹی پراجیکٹ جون میں مکمل ہو جائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا  ۔انہوں نے  کہا کہ لاہور کو دو تین دن پہلے عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسے دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل کیا گیا ہے، لاہور میں جرائم میں پچاس فیصد کمی آئی ہے، ڈکیتی اور قتل میں چون فیصد کمی آئی ہے، یہ سرکاری اعداد و شمار نہیں ہیں ایک عالمی ادارے کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے لاہور پولیس کو شاباشی بھی دی ہے، سیف سیٹیز بنائے گئے ہیں جون تک پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں یہ پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا، ڈیرہ غازی خان اور بارڈر میں پولیس کے پاس سیفٹی کی چیزیں نہیں ہوتی تھیں ان کو فراہم کی گئی ہیں۔عظمی بخاری نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس، پٹھان کوٹ اور پلوامہ حملوں کا الزام پاکستان پر لگایا گیا، لیکن بھارت آج تک ان واقعات کے کوئی شواہد پیش نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ فوج کی سیکیورٹی میں دہشت گردوں کا حملہ مودی کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے اسے استعفی دے دینا چاہیے۔